مضامین

Hamzad k amal k liye kin quwaton ki zaroorat hai | ہمزاد کے عمل کے لئے کن قوتوں کی ضرورت ہے

اس سے قبل اس موضوع پر دو اقساط شائع کی جا چکی ہیں ۔ ابھی یہ سلسلہ شروع ہی ہوا تھا کہ بے شمار قارئین کی ایمیلز آنا شروع ہوگئیں کہ ہمیں بذریعہ ای میل تسخیر ہمزاد کے اعمال روانہ کئے جائیں ، اس بات سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ عوام الناس زیادہ تر اصول کو بالائے طاق رکھ کر براہ راست منزل مقصود پر پہنچنا چاہتے ہیں ، یاد رکھیں کہ یہ ممکن ہی نہیں کہ کوئی شخص اصول پر توجہ کئے بغیر اس پرخطر وادی میں سفر کرکے اپنی منزل تک پہنچ جائے ۔
نہ میرے لئے ممکن ہے کہ میں ہر ایک کوفرداً فرداً ای میل کے جواب دیتا رہوں نہ ہی یہ کوئی طریقہ کار ہے ۔ جو حضرات واقعی علم کے طالب ہیں انہیں چاہئے کہ اس موضوع پر مزید کتب پڑھئے اس کے بعد جا کر کوئی عملی قدم اٹھائیں ۔ زیر نظر تحریر میں ، میری کوشش ہے کہ قدم بہ قدم اس موضوع کو آگے بڑھاؤں تاکہ طالب علم تما م نشیب و فراز سے آگاہ رہے ۔

قوت انسانی

قدرت نے انسان کو کئی قوتوں کا مالک بنایا جو اپنی اپنی جگہ پر بہت بڑی اہمیت کی حامل ہے اگران میں سے ایک بھی قوت کسی بھی وجہ سے کمزور ہوجائے یا ناقص ہوجائے تو جسم انسانی اس حالت میں صحیح طور پر کام نہیں کر پائے گا۔ کیونکہ ان قوتوں میں سے جو بھی قوت کمزور ہوگی وہ اپنے فعل کی صحیح نمائندگی نہیں کر پائے گی اور یقینا ً اس طرح پورا جسم انسانی متاثر ہوگا ۔
مثلاً کسی کا ہاتھ اگر ناکارہ ہوجائے تو ایسے شخص کے بارے میں آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ وہ کس قدر محتاجی کا شکار ہو سکتاہے ۔ اعمال روحانی میں بھی چند خاص قوتوں کی ضرورت ہے ان قوتوں میں سے کوئی قوت ایسی نہیں ہے جس کا تعلق بالواسطہ یا بلا واسطہ عملیات، وظیفہ خوانی،اورریاضت سے نہ ہو لہٰذا علوم روحانی خصوصاً تسخیر ہمزاد کے شائق کو چاہئے کہ وہ اپنی ان قوتوں کی مکمل حفاظت کرے اور ان کو ضائع ہونے سے بچائے اور اگر کسی وجہ سے ان قوتوں میں کمی پیدا ہو چکی ہو تو اس کو پورا کرنے کی کوشش کرے ، یہاں ہم عملیات اور اس کی ریاضت میں نقص کے پیدا ہوجانے کی طرف مختصر سی مگر جامع دلیل دیتے ہیں یاد رکھیں کہ خصوصی توجہ قوت ہاضمہ پر دی جائی ، اگر عامل کا قوت ہاضمہ درست نہ رہا تو چلہ یا وظیفہ کے دوران دقت کے پیدا ہوجانے کے امکانات قوی ہوجاتے ہیں مثلاً عامل کا قوت ہاضمہ درست نہیں ہے وہ بیٹھا عمل خوانی کرے ، تعداد ورد ختم نہیں ہونے پائی تھی کہ درد شکم میں مبتلا ہوگیا یا حاجت اجابت ہوئی اور وہاں حکم ہے کہ ایک چلہ میں اتنی بار اس دعا کو ضرور پڑھنا چاہئے لیکن ضرورت حائلہ اجازت نہیں دیتی پس چلّہ نا تمام کو چھوڑ کر عامل کو اٹھنا پڑا، چلئے عامل کی محنت سابقہ برباد اب پھر سے عمل کیجئے یا پھر دست بردار ہوجائیے لہٰذا اس قوت کے استحکام پر خاص طور سے توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔

قوت ارادی

تمام دیگر علوم کی طرح اس علم کے حاصل کرنے کے لئے بھی قوت ارادی کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے بہ الفاظ دیگر مخصوص طور پر اس عمل کی جان کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا ۔ اس لئے کہ یہی قوت اس علم کے حاصل کرنے میں ہر جگہ آپ کو کار فرما ہوتی ہوئی نظر آئے گی ۔ تحقیق و تجربہ سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ اس قوت کو جس قدر استحکام ہوگا عامل اسی قدر جلد سے جلد تر اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کرتا جائے گا اور اگر عامل کی قوت کمزوررہی اور اس میں استحکام نہ پیدا ہو سکا تو پھر ایسے صاحب عمل کو ہر ہر قدم پر ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا اور یہ صورت اس وقت تک باقی رہے گی جب تک کہ اس کی قوت ارادی مضبوط سے مضبوط تر نہیں ہوجاتی ۔ اس کے استحکام حاصل کرنے کے ئے ذیل میں چنز اصول سپرد قلم کئے جاتے ہیں اگر آپ ان اصولوں پر باضابطہ عمل کرتے رہے تو چند روز کے بعد آپ کی قوت ارادی میں ایسا استحکام پیدا ہوجائے گا کہ جو خود آپ کو محوِ حیرت کردے گا اسی قوت کو قوت اختیاری بھی کہتے ہیں ۔

مقناطیسی قوت

یہ بھی ایک قسم کی نہایت اہم قوت ہے جو جسم انسانی میں ہر وقت کارفرما رہتی ہے تمام جسم انسانی پر اس کا قبضہ رہتا ہے آنکھیں ، دل و دماغ و چہرہ براہ راست اس سے متاثر ہوتے رہتے ہیں اور انہیں ذریعو سے یہ اپنی برقی رو خارج کرتے دوسروں کی قوت مقناطیسی پر بھرپور اثر انداز ہونے کی کوشش کرتی ہے لیکن اصولی طور پر نشو نما نہ ہونے کے سبب سے اس کو کبھی کامیابی اور کبھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑتا ہے لہٰذا نہایت ضروری ہے کہ آپ مناسب طریقہ پر اس قوت کی نشو و نما کیجئے اور اس طرف سے غفلت نہ برتئے اگر واقعی تسخیر ہمزاد کے عامل بننا چاہتے ہیں یہ بات پایہ تحقیق پر پہنچ چکی ہے اور ہر ذی روح میں یکساں طریقہ پر موجود ہے اس قوت کی تربیت اور نشو و نما کے لئے قوت ارادی اور خود اعتمادی کی معاونت اور ان کی حفاظت کہ ان میں کسی طرح کی کمزوری نہ پیدا ہونے پائے نہایت ضروری ہے یہاں یہ بات فراموش کرنے کے قابل نہیں ہے کہ یہ لوم بھی ایک جداگانہ حیثیت کے مالک ہیں اور تحقیق کنندگان نے ان موضوعات پر حاصل سیر کتابیں سپرد قلم فرمائی ہیں ان کا مطالعہ کیجئے اور باضابطہ معلومات حاصل کیجئے تاکہ کامیابی و کامرانی آپ کے قدم کو بوستہ دیتی ہوئی نظر آئے۔

خود اعتمادی

خود اعتمادی دراصل اپنے آپ پر بھروسہ کرنے کو کہتے ہیں عامل تسخیر ہمزاد کو ضرورت شدید اس امر کی ہے کہ وہ اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کرنے کی کوشش بلیغ کرے یعنی اپنی ذات پر ، اپنے قول و فعل پر ، اپنی حرکات و سکنات پر اپے طرز تکلم پر بھروسہ کرنا سیکھے جب تک و اپن ذات پر اپنے اقوال و افعال و طور و طریقہ پر بھروسہ نہ کرے گا اس وقت تک دوسرے افراد نہ تو اس کی ذات پر دلچسپی لے سکتے ہیں اور نہ اس پر کسی معنوں سے بھروسہ کر سکتے ہیں یہ بات بے محل و بے موقع نہ ہوگی کہ شک و شبہ خود اعتمادی کے زبردست دشمن ہیں۔ اور یہ امر بھی لازمی ہے کہ جہاں شک و شبہ نے کسی شخص کے دل میں جگہ پائی اسی وقت خود اعتمادی اس سے رخصت ہوگئی لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ خود اعتمادی پیدا کرنے سے پہلے اگر شک و شبہ نے دل میں جگہ کرلی ہے تو اس کو قطعی طور پر رخصت کردینا چاہئے اسی وقت خود اعتمادی پروان چڑھ سکتی ہے ۔ اگر آپ میں جوہر خود اعتمادی کا فقدان ہے تو آپ یہ یقین کرلیں کہ آپ قوت مقناطیسی ایسی نعمت سے محروم ہیں اور جب آپ میں قوت مقناطیسی یا بہ الفاظ دیگر کشش شخصی موجود نہیں ہے تو آپ اپنی مرضی سے خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کر سکتے ۔ اب یہ بات دوسری ہے کہ اگر کسی موقع پر اندھے کے ہاتھ بٹیر لگ جائے تو یہ ایک اتفاقی امر ہوگا اور میں اس کو خاطر خواہ کامیابی کا درجہ نہ دوں گا لہٰذا قوت مقناطیسی کی جلا اور اس کو مستکم کرنے کے لئے آپ کو اپنی قوت ارادی اور خود اعتمادی میں سے پہلے ریاضت کرنی پڑے گی قوت ارادی کا تذکرہ گزشتہ سطور میں کیا جا چکا ہے ۔

خود اعتمادی پیدا کرنے کے لئے چند آسان طریقے

اگر آپ اپنے اندر جوہر خود اعتمادی پیدا کرنا چاہتے ہیں تو اپنے آپ پر بھروسہ کیجئے ۔
اپنے کسی فعل کو شک و شبہ کی نگاہ سے نہ دیکھئے ۔
اپنی بات میں وزن پیدا کیجئے ۔
وعدہ وفائی کی عادت ڈالیں خواہ کسی موقع پر آپ کو نقصان ہی کیوں نہ اٹھانا پڑے۔ لیکن یاد رکھئے کہ اقرار کے بعد قدم میں لغزش نہ ہونے پائے ۔
جس بات کو نہ کرنے کا ایک مرتبہ عزم کرلیں اس پر قائم رہنے کی کوشش کیجئے خواہ آپ کا نفس امارہ اس کام کے کرنے کی کیسی ہی ترغیب کیوں نہ دے اور اس کام کے چھوڑنے میں آپ کو نفسانی تکلیف کا کسی قدر احساس کیوں نہ ہو مثلاً آپ کثرت سے سگریٹ نوشی کے عادی ہوچکے ہیں اور آپ کی یہ عادت آپ کی فطرت کا حصہ بن چکی ہے اب اسے چھوڑنا آپ کے لئے نا ممکن ہو چکا ہے آپ نے اک دن اس کے نقصان پر غور فرمایا ، بات دل کو لگی اور اسی وقت آپ نے تہیہ کرلیا کہ اب سگریٹ نہ پئیں گے ظاہر ہے سگریٹ کا ہر کش اس ارادہ کرنے سے پہلے باعث فرحت ہوتا تھا اس کے دھوئیں سے آپ لطف اندوز ہوتے تھے ، اس کا نشہ آپ کے لئے کیف و سرور پیدا کرتا تھا ، طبیعت اس قسم کے لطف کی عادی ہو چکی تھی ایک وقت میں آپ اس کے نقصانات سے جب آگاہ ہوئے ، تمباکو کے نکوٹین نے آپ کی آنکھیں کھولیں ، انگلیوں پر امراض گنوائے ، عشق عمل خوانی نے ہوشیار کیا کہ عمل کرنا چاہتے ہو تو سگریٹ چھوڑو اس لئے کہ تمہارے منہ سے تمباکو کی بو آرہی ہے اور بوئے ناگوار آرہی ہے اور ایسی بُو سے موکلین پریشان ہوتے ہیں انگی ناخوشی کا باعث ہوگا ۔ چانچہ آپ نے تہیہ کیا کہ آج سے سگریٹ نوشی ترک اور آپ نے واقعی اس منہ لگی چیر کو اسی جذبہ کے تحت چھوڑ بھی دیا اب ہوئی تکلیف اور اس کا احساس لمحہ بہ لمحہ شدت اختیار کرتا گیا ، خواہش نے زور پکڑا ، نفس نے سرکشی کی ۔۔۔۔۔ جمائی پر جمائی آرہی ہے لیکن آپ کا تہیہ اپنی جگہ پر کہ نہ پئیں گے ، چھوڑ دیا تو چھوڑ دیا اور واقعی لہر پیدا ہونے کے باوجود بھی آپ اپنے ارادے پر قائم رہے او ساری تکالیف کا مقابلہ کرتے ہوئے آپ نے سگریٹ نوشی ترک کردی اور اسی طرح ہر معاملات میں آپ اپنے فیصلہ پر قائم رہے تو آپنے خود اعتمادی پیدا کرلی اب اس میں اسی طرح استحکام پیدا کرتے چلے جائیے خود اعتمادی کو مستحکم بنانے کے لئے آپ کو شک و شبہ کو دور کرتے ہوئے اپنے یقین مکمل اور اپنے تہیہ کو پورے طور سے اپنانا پڑے گا اور جب آپ اس منزل میں کامیاب ہوجائیں گے تو قوت مقناطیسی یا کشش شخصی میں خود بخود اضافہ ہوتا ہوجائے گا ۔ جس سے آپ اپنے اندر ایک ایسی طاقت کو روا دوا پائیں گے جو خود آپ کو محو حیرت کردیگی اس لئے کہ اس چھپی ہوئی طاقت کے وجود سے پہلے آپ لا علم تھے اس کے علاوہ خود اعتمادی کے استحکام کے ذہنی مشق کے سلسلے میں آپ کو مزید فائدے بھی ہونگے
نمبر۱۔ بُری باتوں سے پرہیز اور بُری عادتوں سے چھٹکارا حاصل ہوجائے گا۔
نمبر ۲۔ آپ کے قدم تیزی سے سچائی کی طرف بڑھنے لگیں گے ۔
نمبر ۳۔ جھوٹ کی عادت جاتی رہے گی ۔
نمبر ۴۔ لالچ سے پرہیز ہوگا ۔
نمبر ۵۔ مخلوق خدا کی خدمت کا سچا جذبہ آپ کے دل میں پیدا ہوگا ۔
نمبر ۶۔ طبیعت نیکی کی جانب مائل ہوگی ، عبادت میں لطف آئے گا۔
نمبر ۷۔ وظیفہ و وظائف سے اسباب نحوست دور ہوں گے نیز اور بہت سی ایسی ہی باتیں خیر و برکت کی پیدا ہونگی۔

author avatar
Roohani Aloom
روحانی علوم ڈاٹ کام ایک ادارہ ہے جس نے دنیا میں پہلی بار سنہ 2004ء سے انٹرنیٹ پر اردو زبان میں علوم روحانی کی ترویج کا سلسلہ جاری کیا اور اس جدید دور میں اسلاف کے علوم کو جدید طرز پر پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔

Roohani Aloom

روحانی علوم ڈاٹ کام ایک ادارہ ہے جس نے دنیا میں پہلی بار سنہ 2004ء سے انٹرنیٹ پر اردو زبان میں علوم روحانی کی ترویج کا سلسلہ جاری کیا اور اس جدید دور میں اسلاف کے علوم کو جدید طرز پر پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

ایڈ بلاک کا استعمال پایا گی

محترم قارئین، ہماری یہ ویب سائٹ ایک خدمت کے جذبے کے تحت آپ کے لیے مخفی و روحانی علوم کے مضامین بالکل مفت فراہم کر رہی ہے۔ ہمارا مقصد اس علم کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا ہے، اور اس کے بدلے ہم آپ سے کسی قسم کی مالی مدد نہیں لیتے۔ البتہ، ہماری اس کوشش کو جاری رکھنے کے لیے اشتہارات کا سہارا لینا ضروری ہے، تاکہ ہم اس پلیٹ فارم کو برقرار رکھ سکیں اور آپ تک بہترین مواد پہنچاتے رہیں۔ آپ سے مؤدبانہ درخواست ہے کہ ہماری ویب سائٹ پر ایڈ بلاکر کو عارضی طور پر غیر فعال کر دیں۔ یہ ایک چھوٹا سا تعاون ہوگا، لیکن ہمارے لیے بہت بڑی مدد ثابت ہوگا۔ جزاک اللہ خیراً