مضامین

اعمال مصدقہ

اس کالم کے تحت ان آسان اعمال کو ضبط تحریر میں لایا جا رہا ہے جو اس احقر کے خود کے تجربہ میں آچکے ہیں یا پھر کسی نہ کسی طرح ان کی تصدیقات موصول ہو چکی ہیں۔

وسعت رزق

فہرست

کشائش رزق کے لئے بہت ہی سریع التاثیر آیت ہے ۔ اللہ تعالیٰ با فراغت رزق عطا فرماتا ہے اور خوب برکت ہوتی ہے روزانہ کسی وقت مقررہ پر ایک تسبیح ہی پڑھ لینا کافی ہے۔
مناسب ہے کہ فجر کی نماز کے بعد وقت مقرر کرلیں ۔

جو حضرات مالی پریشانی کا شکار ہیں وہ پڑھ کر دیکھئے کہ پردہ غیب سے اللہ تعالیٰ کس قدر نعمتیں عطا فرماتا ہے اس امر کو اچھی طرح ذہن نشین کرلیا جائےکہ عملیات کو بازیچہ اطفال نہ بنایا جائے اس اکیسویں صدی کے لوگ نماز سے کوسوں دور ہیں چاہئے کہ نماز کی پابندی کریں ۔
اگر علم النقوش میں فہم و ادراک ہے تو شرف قمر کے اوقات میں اسی آیت کے اعداد ابجد قمری سے حاصل کرکے خود کے نام مع والدہ کے اعداد شامل کریں اور مقصد جیسے کشائش رزق۔ وسعت رزق وغیرہ کے اعداد بھی مجموعہ میں شامل کریں اور ایک مربع آتشی چال سے پر کرلیں ۔ اس نقش کو اپنے پاس رکھیں اور مذکورہ بالا ورد جاری رکھیں
انشاء اللہ گمان سے بھی زیادہ نفع پائیں گے ۔

ہر مرض سے نجات کے لئے پرتاثیر نقش

یہ نقش مثلث ہے جسے عرف عام میں پندرہ کا نقش بھی کہا جاتا ہے ۔ چالیس یوم تک روزانہ بعد نماز فجر اکتالیس مرتبہ اس نقش کو لکھا جائے اور روزانہ ایک تعویذ رکھ کر چالیس تعویذ گندم کے آٹے کی گولیاں بنا کر اس میں ڈال کر دریا میں روزانہ ڈال دیں ۔ چالیسویں دن اکتالیس نقش پورے ڈالے جائیں گے ۔ اور گزشتہ جو نقوش بچتے رہیں ہیں وہ بھی اس کے ہمراہ دریا میں ڈالے جائیں گے ۔ زکات اس عمل کی ادا ہو گئی ہے اب روزانہ مداومت کے طور پر پانچ نقش لکھے جائیں جنہیں دو چار یوم کے بعد اکٹھا دریا میں حسب سابق بہا دیا کریں ۔
جس مرض میں آپ لکھ کر دیں گے صحت ہوگی بڑی بے نظیر چیز ہے شفاء یابی مرض کے واسطے ایک بزرگ صرف اسی تعویذ سے کام لیتے تھے اور میرے اپنے تجربے کے مطابق بھی بہت ہی کارآمد نسخہ ہے اطباء و حکیم وغیرہ کو چاہئے کہ وہ اس نقش سے کام لیں خواہ گھول کر پلائیں یا بازو پر بندھوائیں ۔
میرا اپنا طریق یہ ہے کہ میں مریض کو ۲۲ نقش یا ۴۱ نقش لکھ کر دے دیتا ہوں (مرض کی نوعیت کے اعتبار سے ) ایک نقش مریض کو بطور تعویذ داہنے بازو پر باندھنے کی تاکید کرتا ہوں جبکہ دیگر نقوش کو پانی میں گھول کر پینے کا مشورہ دیتا ہوں ۔
نقش یہ ہے ۔

عمل حاجت دینی و دنیاوی

روزانہ ایک بار صبح ایک بار شام سورہ یس شریف پڑھ لیا کریں ۔ تمام آفات سے حفاظت رہے گی اور فراخی رزق ہوگی ہر کام بخیر و خوبی پورا ہوگا۔
اس عمل سے نہ صرف عمل کرنے والا بلکہ گھر کے دیگر افراد بھی خوش و خرم رہیؔں گے نیز کوئی شخص نقصان نہ پہنچا سکے گا ۔ جو دعا مانگی جائے گی وہ باذن اللہ قبول ہوگی ۔
یاد رہے کہ کلام پاک کا قلب سورہ یس شریف ہے میں خود ایک عرصہ تک اس عمل پر کاربند رہا ہوں اور بہت فیض پایا ہے لیکن اپنی دیگر مصروفیات کے باعث افسوس کے ساتھ لکھنا پڑ رہا ہے کہ میں اس عمل کو جاری نہیں رکھ سکا ۔ تاہم آپ تمام قارئین کو اس عمل کو اپنے معمول میں لانے کا مشورہ دوں گا۔

ترقی تنخواہ و ترقی درجات کے لئے

بروز جمعہ بعد نماز عصر آیت الکرسی کو ۳۱۳ مرتبہ پڑھ کر دعا مانگیں ۔ انشاء اللہ بہت جلد ترقی ہوگی اگر اثرات میں تیزی کے خواہاں ہوں تو پھر مزید دو جمعہ لگاتار اس عمل کو کریں ۔ اگر پھر بھی کامیابی نہ ہو تو شرف قمر میں اس عمل کریں ۔

ملازمت کے لئے بہترین عمل

فی زمانہ تقریباََ ہر فرد ملازمت کے لئے سرگرداں ہے ۔ بڑی بڑی ڈگریوں کے باوجود بھی حصول ملازمت میں ناکامی ہو رہی ہے ۔ دنیا جہاں کی تدابیر اختیار کر کے دیکھ لیں لیکن کامیابی ہے کہ کوسوں دور ہے ۔ ایسے تمام حضرات کو دعوت عمل دیتا ہوں کہ آئیں اور اس عمل قرآنی کا اعجاز دیکھیں ۔ انشاء اللہ غیب سے ملازمت کا حصول ہوگا۔
یہ عمل ان لوگوں کے لئے بھی مفید ہے جو ریٹائرڈ ہوچکے ہیں اور پھر ملازمت کا حوصلہ رکھتے ہیں یا مختار کارندہ وغیرہ بننا چاہتے ہیں ۔
لیکن ایک بات کا خیال رکھیں کہ اس عمل سے صرف وہی خواتین و حضرات فیض یاب ہو سکتے ہیں جو نماز کے پابند ہوں ۔ اگر آپ بے نمازی ہیں تو آئیے آج سے تہیہ کیجئے کہ حتی الممکن نماز کی پابندی کریں گے ۔

اس آیہ مبارکہ کو روزانہ بعد نماز عشاء یا بعد نماز تہجد ایک ہزار مرتبہ پڑھنا چاہئے ۔ کچھ روز کے بعد جن لوگوں کو ضرورت ہوگی وہ ملازم رکھنے کے خواہشمند ہوں گے ۔
اس عمل کی کئی تصدیقات موصول ہونے کے بعد اس عمل کو شائع کیا جا رہا ہے دعا گو ہوں کہ ہر ضرورت مند کی حاجت غیب سے پوری ہو (آمین)۔

دشمنوں و حاسدوں کی زبان بندی کے لئے

عمومی طور پر ہمارے ہاں باندھنے کے لئے حروف صوامت سے کام لیا جاتا ہے بعض لوگوں کا خیال ہے کہ باندھنا اور روکنا کسی زبان کا صرف انہی حروف سے مخصوص ہے ، لیکن ایسا ہرگز نہیں ہے ۔ یہ شعبہ ایک سمندر ہے اس کی تہہ میں غوطہ زن ہوکر دیکھئے یہاں کی دنیا ہی عجیب ہے ۔ ایک مجرب المجرب عمل برائے زبان بندی درج کرتا ہوں ۔ آزمائیے اور عمل کی داد دیجئے ۔

لا الہ اللہ صد ہزار بارگِرد بَگِرد مَن و گِرد دوستان من حصار باد محمد الرسول اللہ بر من و بردوستان من یار باد بستم دست پا زبان چشم عقل و ہوش و گوش کسانیکہ در ہیج دہ ہزار عالم آدمیان و خدائے نا ترسان و ناحقان و نشکران آدمیان و دیوان عقل و پریان کسانیکہ مارادوستان مار ابد گویند و بد خواہند و بدبدانند و بداندیشند بحرمت لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ قولاََ و فعلاََ صم بکم عمی فھم لا یبصرون ۔ صم بکم عمی فھم لا یتکلمون ۔ صم بکم عمی فھم لا یعقلون ۔ وصعلی اللہ تعالیٰ علی خیر خلقہ محمد وآلہ واصحابہ اجمعین برحمتک یا ارحم الراحمین۔

(نوٹ: قرآن مجید کی آیات مبارکہ کسی حافظ سےتصدیق کروا کر زیر زبر درست کرواکر پڑھنی چاہئے )۔

روزانہ ایک بار صبح اور ایک بار شام کو پڑھ لیا کریں تمام برائیوں سے انشاء اللہ محفوظ رہیں گے اور جب کوئی شخص برائی کرنے کا آپ کے بارے میں قصد رکھتا ہوگا تو اس کی زبان بحکم خدا بند ہوجایا کرے گی ۔ بڑا ہی سریع التاثیر عمل ہے ۔

حضورپُرنورﷺکی زیارت سے مشرف ہونا

جمعرات کے دن شب جمعہ میں غسل کرے اور پاک کپڑے پہنے عطر لگائے بعد نماز عشاء مسجد میں یا پاک جگہ مکان میں ایک ہزار مرتبہ درود شیرف اور ایک ہزار بار سورہ کوثر پڑھے انشاء اللہ حضور ﷺ کی زیارت سے مشرف ہوں گے ۔
خیال رہے کہ حضور اکرم ﷺ کی زیارت سے مشرف ہونا ہرگز مشکل نہیں شرط صرف یہ ہے کہ پڑھنے والے کو حضورﷺ کی محبت جان سے مال اور گھر والوں سے بھی زیادہ ہو جس طرح طالب مطلوب کے عشق میں دیوانہ ہوجاتا ہے اسی طرح عشق حضور کا ہو انشاء اللہ اس نعمت سے ضرورت مالا مال ہوں گے ۔ ہر مسلمان کو کوشش کرنی چاہئے کہ حدیث شریف میں بھی آیا ہے کہ حضورﷺ کی زیارت سے مشرف ہونے والے پر دوزخ کی آگ حرام ہے ۔ اللہ پاک ہر صاحب ایمان کو توفیق عطا فرمائے ۔
جب تک حضورﷺ کا دیدار نہ ہو عمل کو مسلسل جاری رکھا جائے ۔

مقدمہ میں فتحیابی کے لئے

اگر کسی سبب آپ ناحق کسی مقدمہ میں گرفتار ہوچکے ہیں اور کوئی سبیل رہائی کی نظر نہیں آتی تو اس عمل کو کریں ۔ لیکن یاد رکھئے کہ شرط یہ ہے کہ آپ پر لگایا گیا الزام جھوٹا ہو اور آپ کو پھنسایا جا رہا ہو ۔ اگر آپ درحقیقت مجرم ہیں تو شاید اس صورت میں یہ عمل پرتاثیر نہ ہو۔
روزانہ بعد نماز عشاء سورہ انبیاء اول تا آخر سہ بار درود شریف اول و آخر گیارہ گیارہ بار پڑھ کر دعا مانگ لیا کریں ۔ انشاء اللہ مقدمہ کا رنگ پلٹ جائے گا اور گواہ جس قدر بھی خلاف ہونگے مجرم کے ، یا تو وہ موافق ہوجائیں گے یا مستغیث کے خلاف شہادت دیں گے جس سے یا تو مقدمہ خارج ہوجائے گا یا موافقت میں ہوگا۔ یا صلح ہوجائے گی ۔ ایک ہفتہ پڑھ لینا کافی ہے ۔

گناہوں کا کفارہ

استغفراللہ ُ ایک تسبیح ، سبحان اللہ وبحمدہ ایک تسبیح ۔ لا حول ولا قوۃ ایک تسبیح ۔ سبحان اللہ العظیم ایک تسبیح ۔ جو شخس روزانہ ایک وقت مقررہ پر پڑھا لیا کرے گا انشاء اللہ صغیرہ گناہوں کا کفارہ ہوتا چلا جائے گا ہر مسلمان کو اپنا معمول بنالینا ضروری ہے ۔

author avatar
Roohani Aloom
روحانی علوم ڈاٹ کام ایک ادارہ ہے جس نے دنیا میں پہلی بار سنہ 2004ء سے انٹرنیٹ پر اردو زبان میں علوم روحانی کی ترویج کا سلسلہ جاری کیا اور اس جدید دور میں اسلاف کے علوم کو جدید طرز پر پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔

Roohani Aloom

روحانی علوم ڈاٹ کام ایک ادارہ ہے جس نے دنیا میں پہلی بار سنہ 2004ء سے انٹرنیٹ پر اردو زبان میں علوم روحانی کی ترویج کا سلسلہ جاری کیا اور اس جدید دور میں اسلاف کے علوم کو جدید طرز پر پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

ایڈ بلاک کا استعمال پایا گی

محترم قارئین، ہماری یہ ویب سائٹ ایک خدمت کے جذبے کے تحت آپ کے لیے مخفی و روحانی علوم کے مضامین بالکل مفت فراہم کر رہی ہے۔ ہمارا مقصد اس علم کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا ہے، اور اس کے بدلے ہم آپ سے کسی قسم کی مالی مدد نہیں لیتے۔ البتہ، ہماری اس کوشش کو جاری رکھنے کے لیے اشتہارات کا سہارا لینا ضروری ہے، تاکہ ہم اس پلیٹ فارم کو برقرار رکھ سکیں اور آپ تک بہترین مواد پہنچاتے رہیں۔ آپ سے مؤدبانہ درخواست ہے کہ ہماری ویب سائٹ پر ایڈ بلاکر کو عارضی طور پر غیر فعال کر دیں۔ یہ ایک چھوٹا سا تعاون ہوگا، لیکن ہمارے لیے بہت بڑی مدد ثابت ہوگا۔ جزاک اللہ خیراً