کیا آپ کے نام کا عدد 6 ہے
عدد 6 کا مختصر تعارف
عدد 6 ہمیشہ دو اعداد کا مفرد ہو گا جیسے 15 اور24۔ وہ لوگ جو کسی بھی ماہ کی 6، 15 اور 24 تاریخ کو پیدا ہوئے ہیں وہ عدد 6 کے زیر اثر ہوں گے۔
آپ کی خوبیاں و خامیاں
اگر یہ کہا جائے تو غلط نہ ہو گا کہ محبت آپ کی فطرت ہے۔ آپ پر کسی بھی معاملہ میں پورا بھروسہ کیا جاسکتا ہے۔ آپ اپنے والدین کا بہت خیال رکھنے والے ہیں اور اس کے ساتھ آپ کو بچوں سے بہت پیار و محبت سے پیش آتے ہیں ۔ آپ ملنسار انسان ہیں لیکن اس کے ساتھ بہت حساس طبعیت کے مالک بھی ہیں اور لوگوں کے رویوں کی وجہ سے آپ کے دل کو اکثر ٹھیس لگ جاتی ہے۔ آپ ایک فیاض اور رحمدل انسان ہیں۔ ان سب خوبیوں کے ساتھ آپ میں دوسروں پر بےجا تنقید کرنا اور دوسروں کی عیب جوئی کرنے کا رجحان بھی پیدا ہو سکتا ہے۔
شخصیت
آپ ایک مسحور کرنے دینے والی شخصیت کے مالک ہیں۔ اپنی مہربان طبیعت اور خوش خلقی کے باعث آپ لوگوں میں بہت مقبول ہوتے ہیں۔ آپ دوسروں سے محبت کرنا جانتے ہیں۔ آپ کو شاعری، موسیقی، مصوری کے فن پاروں میں ایک خاص دلچسپی محسوس ہوتی ہے اور اس کے ساتھ آپ اچھے ڈراموں اور فلموں کا ذوق بھی رکھتے ہیں۔ اپنی محبت والی فطرت کے باعث آپ لوگوں کو خوشی دے کر تسکین محسوس کرتے ہیں۔ آپ کو اپنے گھر اور دفتر کو نفیس حالت میں رکھنا بہت پسند ہے۔ آپ کی شخصیت کے کچھ منفی پہلو بھی ہیں جن میں حالات کی وجہ سے آپ میں سفاکی اور مکاری پیدا ہو جاتی ہے۔ جب آپ زندگی کے اس مرحلہ سے گذر رہے ہوتے ہیں پھر آپ کسی کی پرواہ نہیں کرتے اور اپنے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کے احساسات کو بری طرح مجروح کرتے ہیں۔
دلی معاملات اور شادی
آپ کی تخلیق محبت کی دیوی نے خود اپنے ہاتھوں سے کی ہے اور اسی وجہ سے محبت آپ کے خون میں دوڑتی ہے۔ آپ میں کچھ ایسے بھی ہیں جن کا اوڑھنا بچھونا محبت ہی ہوتی ہے۔ آپ محبت کے معاملہ میں اکثر پہل نہیں کرتے۔ اگر آپ کو کسی سے محبت یو جائے تو پھر اپنی خیالی دنیا میں اسے اپنا شریک حیات دیکھتے ہیں۔ اگر آپ کی محبت کی شادی ہو جائے تو پھر دنیا کو چھوڑ کر اپنے شریک حیات کے قدموں ہی رہنا پسند کرتے ہیں اور شادی کے بعد یہی آپ کاغلط طرز عمل ہوتا ہے۔ آپ کو اس بات کا احساس اچھی طرح سے ہونا چاہیے کہ آپ ایک مادی دنیا میں رہتے ہیں اور محبت پیٹ نہیں پھرا کرتی اور نہ ہی زندگی کی ضروریات کو پورا کرتی ہے۔
مال و دولت
آپ زندگی میں مال و دولت کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔ آپ فضول کاموں میں دولت کو ضائع نہیں کرتے۔ آپ میں دولت کو جمع کرنے کی خوبی پائی جاتی ہے لیکن اس کے ساتھ اپنی سخاوت کے سبب دوسروں کی ضرورتوں پر دولت کو خرچ کرنے میں بخل سے کام نہیں لیتے۔ زندگی کے معمولات کو پورا کرنے کے لیے آپ کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاتے، قدرت کہیں نہ کہیں سے آپ کو اتنا فراہم کردیتی ہے کہ اپنی ضرورت کو پورا کر لیں۔ آپ اپنی جمع شدہ دولت کو ایسے کاموں میں لگانا پسند کرتے ہیں جس سے اس میں اضافہ ہو۔ آپ ایسی اسکیموں میں دلچسپی رکتھے ہیں جو آپ کو اچھا منافع دے جن میں شئیر مارکیٹ، پرائز بانڈز وغیرہ شامل ہیں۔
صحت و بیماری
آپ مجموعی طور پر اچھی صحت کے مالک ہوتے ہیں لیکن اپنی لاپروائی اور کاہلی کے سبب مختلف امراض کا شکار ہو جاتے ہیں۔ جذباتی طبعیت ہونے کی وجہ سے آپ نفسیاتی دباؤ کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ آپ کو موسمی بخار، نزلہ و زکام، نروس بریک ڈاؤن اور دل کے امراض کا خطرہ ہو سکتا ہے۔ خواتین میں چھاتی سے متعلق بیماریاں ہو سکتی ہیں۔ آپ کو بہترین صحت کے لیے کچھ اقدامات لازم کرنا ہوں گے جن میں باقاعدہ ورزش، صبح کی سیر شامل ہیں اور اس کے ساتھ آپ کو مصالحہ دار غذاؤں اور زیادہ تیل والے کھانوں سے اجتناب کرنا ہو گا۔
عدد 6 کی مشہور شخصیات
عدد 6 کی حامل مشہور شخصیات میں نپیولین، ملکہ وکٹوریہ، مغل بادشاہ اکبر، امریکی صدر رونالڈ ریگن شامل ہیں۔
آپ کے عدد سے مطابقت رکھنے والے اسمائے الہیہ
اگر آپ کا عدد 6 ہے یا یہ مرکب ہے عدد 15 کا ۔ تو پھر آپ ”یا علیم” کا ورد کریں۔
اگر آپ کا عدد 6 مرکب عدد 24 کا ہے تو پھر آپ ”یا رحیم” کا ورد کریں
آپ کا نگینہ
ہیرا آپ کے لیے مبارک نگینہ ہے۔